وزیر خارجہ اہم دورے پر شام پہنچے، شامی وزیر خارجہ کا اہم بیان+ ویڈیو
شام کا کہنا ہے کہ ہم ایٹمی مسئلے میں ایران کے ساتھ ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم جوہری معاملے میں ایران کے ساتھ ہیں۔
شام کے وزیر خارجہ نے دمشق کے ہوائی اڈے پر ایرانی وزیر خارجہ کا استقبال کیا اور ایران کے ایٹمی مسئلے میں دمشق کی حمایت پر زور دیا۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد نے بروز سنیچر 2 جولائی کو دمشق کے ہوائی اڈے پر ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کے استقبال کی تقریب میں شرکت کے بعد اس سفر کو انتہائی اہم قرار دیا۔
انہوں نے بیان کیا کہ یہ دورہ بہت اہم ہے اور یہ بہت سی ملکی، علاقائی اور بین الاقوامی تبدیلیوں کے بعد انجام پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جوہری مسئلے کو سنجیدگی سے آگے بڑھانے کے معاملے میں ایران کے ساتھ ہیں اور ہم اس سلسلے میں اس کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔
شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد نے شام پر صیہونی حکومت کے حملوں کے تسلسل اور مزاحمت کے محور کو کمزور کرنے کے لیے اس کے مختلف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے تاکید کی کہ عالمی سطح پر ہونے والی شدید تبدیلیوں کے سائے میں ان پیشرفتوں کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے دمشق ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد شام میں اپنی موجودگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ آج مجھے دوست اور برادر ملک کے دورے کا موقع ملا ہے اور شامی صدر بشار اسد کا حالیہ دورہ تہران دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک نیا موڑ ہے۔
دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے دمشق میں شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات کی۔