یوکرین کے مسئلے پر ایٹمی جنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے: یو ان سیکرٹری جنرل
Mar ۱۵, ۲۰۲۲ ۱۷:۴۱ Asia/Tehran
اقوام متحدہ (یو ان) کے سیکریٹری جنرل نے دعوی کیا ہےکہ روس یوکرین جنگ کے پیش نظر ایٹمی جنگ کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔
انٹونیو گوترش نے ایٹمی جنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی جوہری فورس کے الرٹ میں اضافہ ایک خوفناک واقعہ ہے جس کی بنا پر اب ایٹمی جنگ کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔
انھوں نے اسی طرح یوکرین میں ایٹمی تنصیبات کا تحفظ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یوکرین کے مسئلے پر مصالحتکاری کے لئے کوششوں میں رابطے جاری ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اس وقت دسیوں لاکھ لوگوں کو بھوک اور پینے کے پانی اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے جبکہ اقوام متحدہ نے چار کروڑ ڈالر ہنگامی طور پر انسان دوستانہ امداد کے طور پر یوکرین سے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہو گا۔