Nov ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۰:۰۶ Asia/Tehran
  • بحرین میں نمائشی انتخابات کے خلاف عوام سڑکوں پر

بحرین کی سیاسی جماعتوں اور تنظیموں نے عوام سے نمائشی انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: العالم کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے عوام نے گزشتہ روز اس ملک میں ہونے والے نمائشی انتخابات کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں کتبے اور پلے کارڈ تھے جن پر نمائشی انتخابات کے بائیکاٹ اور عوامی ریفرنڈم کرانے کے مطالبے درج تھے۔

در ایں اثناء فریڈم اینڈ ڈیموکریسی فرنٹ، چودہ فروری یوتھ ایلائنس اور آزاد اسلامی تحریک کی جانب سے جاری کیے جانے والے مشترکہ بیان میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شاہی حکومت کی جانب سے کرائے جانے والے انتخابات میں حصہ نہ لیں۔ بیان میں شاہی حکومت کی جانب سے کرائے جانے والے انتخابات کے بائیکاٹ کو اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ کی مخالفت  قرار دیا گیا ہے۔

بحرین کی سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے مذہبی رہنما آیت اللہ عیسی قاسم کی قیادت میں، ایک بھرپور عوامی انقلاب کی تحریک کا منصوبہ جلد پیش کر دیا جائے گا۔ جس کا مقصد نمائشی پارلیمانی انتخابات کو غیر مؤثر بنانا ہے۔

بحرین کی شاہی حکومت نے عوامی مطالبات کو خاطر میں لائے بغیر بارہ نومبر کو ملک میں پارلیمانی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ بحرین میں فروری دوہزار گیارہ سے عوامی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام خاندانی آمریت کے بجائے مکمل جمہوری نظام کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ٹیگس