Nov ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۹ Asia/Tehran
  • طالبان گرفتار خواتین کو فوراً رہا کرے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے طالبان سے گرفتار ہونے والی خواتین کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارۂ انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے افغان طالبان سے مطالبہ کیا کہ وہ خواتین کی سول سوسائٹی تنظیم کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران حراست میں لی گئیں 5 کارکنان کو فوری طور پر رہا کرے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے کابل میں ایک نیوز کانفرنس میں آکر رکاوٹیں پیدا کیں، کانفرنس کا مقصد خواتین کی ایک نئی تحریک 'افغان خواتین کی تحریک برائے مساوات' شروع کرنا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیوز کانفرنس کے دوران ایک خاتون کارکن ظریفہ یعقوبی اور ان کی چار ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر خواتین کو بھی عارضی طور پر تحویل میں لے کر ان سے تلاشی لی گئی اور بعد میں انہیں رہا کردیا گیا۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا تھا کہ اگست 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان کی خواتین کے حقوق کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں کے برخلاف خواتین کے لباس، نقل و حرکت اور تعلیم پر نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کی واپسی کے بعد خواتین کی تعلیم، نوکریوں اور سماجی زندگی کے دیگر عوامل پر متعدد پابندیاں عائد کی گئی ہیں جہاں خواتین آئے دن اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکل آتی ہیں اور اپنے حقوق کیلئے مظاہرے کرتی ہیں۔ عالمی برادری بھی طالبان حکام پر خواتین کے حقوق بالخصوص تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دے رہی ہے۔

ٹیگس