قلقیلیہ میں تحریک مزاحمت کی کارروائی میں ایک صیہونی کی ہلاکت
فلسطینی مجاہدین نے جوابی کارروائی میں ایک انتہا پسند صیہونی کو موت کے گھاٹ اتاردیا ہے.
صیہونی چینل کان نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ قلقیلیہ میں دو ہفتے قبل تحریک مزاحمت کی ایک کارروائی میں شالوم صوفر نامی زخمی ہونے والا ایک صیہونی ہلاک ہو گیا۔
عبری ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ قلقیلیہ کی کارروائی انجام دینے والے فلسطینی کو صیہونی فوجیوں نے گرفتار کر لیا تھا۔ اس رپورٹ کے مطابق اس انتہاپسند صیہونی کی ہلاکت کے ساتھ ہی رواں عیسوی سال کے دوران صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں تحریک مزاحمت کی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے صیہونی فوجیوں اور صیہونی غاصبوں کی تعداد چوبیس تک پہنچ گئی ہے۔
غرب اردن کے شمال میں واقع قلقیلیہ کے مشرقی علاقے فلسطینیوں اور صیہونیوں کے درمیان جھڑپوں کا میدان بنے ہوئے ہیں جہاں تحریک مزاحمت ہر صیہونی جارحیت کا منھ توڑ جواب دے رہی ہے۔
شالوم صوفر نامی زخمی ہونے والا صیہونی قلقیلیہ کے مشرق میں واقع الفندق نامی علاقے میں صیہونی جارحیت کے جواب میں تحریک مزاحمت کے حملے کا نشانہ بنا تھا۔
غاصب صیہونی حکومت کے فوجی اپنے شرمناک اور توسیع پسندانہ مقاصد کے حصول کے لئے آئے دن فلسطین کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جس میں روزانہ فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید و زخمی ہوجاتی ہے اور یا پھر اس کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
جبکہ غاصب صیہونیوں کے خلاف فلسطینیوں کی کارروائی غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جاری وحشیانہ جرائم اور مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں کی جارحیت کے جواب میں ایک فطری ردعمل ہے۔
دوسری جانب فلسطین کی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن محمود الزہار نے کہا ہے کہ غرب اردن کے مختلف علاقوں کے حالات غاصب صیہونی حکومت کے زوال کا پیش خیمہ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ فلسطین، لبنان اور شام جیسے ممالک کو جنھوں نے غاصب صیہونی حکومت سے نقصان اٹھایا ہے ایران، عراق اور یمن جیسے ملکوں کی حمایت سے غاصب صیہونی حکومت کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لئے اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔
حماس کے رہنما محمود الزہار نےکہا کہ اپنے دفاع کے لئے تحریک مزاحمت ہر قسم کے ذرائع استعمال کر رہی ہے اور غزہ میں اس نے ایسا کیا بھی ہے اور اس کا یہ اقدام غزہ سے غاصب صیہونی حکومت کے فرار کا باعث بنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ فلسطینی اور خاصطور سے جو فلسطین کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں وہ اپنے ہدف کے حصول کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔