سعودی عرب میں امریکی خاتون گرفتار، گرفتاری کی وجہ
امریکہ کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سعودی عرب میں ایک امریکی خاتون کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
سحر نیوز/دنیا: روسیا الیوم کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی وزارت خارجہ کے ترجمان نڈ پرایس نے کہا کہ ’’کارلی موریس‘‘ نامی امریکی خاتون سعودی عرب کی جیل میں ہے تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس الزام کے تحت گرفتار ہوئی اور ابھی تک اس سے کسی نے ملاقات کی ہے کہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا دیگر ملکوں میں امریکی شہریوں کی حفاظت کی ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے اور ریاض میں امریکی سفارتخانہ اس مسئلے کی پیروی کر رہا ہے اور گرفتار ہونے والی امریکی خاتون سے ملاقات کی کوشش کی جارہی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں مقیم یہ امریکی خاتون کئی برسوں سے اپنی بیٹی کے ہمراہ وہاں سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک امریکی شہری بغداد میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ہلاک ہوا تھا۔ بغداد کے الکراده خارج علاقے میں مسلح افراد نے امریکی شہری کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔