قنا پیٹرو پورٹ پر یمنی ڈرون کا حملہ: سعودی ذرائع کا دعوی
Nov ۰۹, ۲۰۲۲ ۲۰:۵۶ Asia/Tehran
سعودی ذرائع نے الزام عائد کیا ہے کہ یمنی افواج نے قنا پیٹرولیم بندرگاہ پر ڈرون حملہ کیا ہے۔
سعودی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ یہ واقعہ یمن کے صوبہ شبوہ میں واقع قنا بندرگاہ پر پیش آیا ہے جو کہ سعودی کرائے کے فوجیوں کے قبضے میں ہے۔ صنعا کے ذرائع ابلاغ نے ابھی تک اس بارے میں کوئی خبر جاری نہیں کی ہے۔
سعودی نیوز چینل الحدث نے مقامی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ حملہ آور ڈرون طیارہ دھماکہ خیز مواد سے لیس تھا جو کہ قنا پیٹرو پورٹ کے اطراف میں گر کر تباہ ہوگیا۔
سعودی چینل نے دعوی کیا کہ حملے کے موقع پر ایک آئل ٹینکر ڈیزل کی کھیپ لینے کے لئے اس بندرگاہ میں پہنچ چکا تھا تاہم اس حملے میں کوئی مالی اور جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
سعودی میڈیا کے علاوہ کسی اور ذریعے نے ابھی تک اس واقعے کی تصدیق نہیں کی ہے۔