Nov ۱۱, ۲۰۲۲ ۱۴:۰۴ Asia/Tehran
  • سعودی عرب میں شیعہ مسلمانوں پر آل سعود کے مظالم جاری

مشرقی سعودی عرب میں شیعہ مسلمانوں کے خلاف آل سعود حکومت کے مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

سعودی عرب کی آل سعود حکومت نے معروف شیعہ عالم دین شیخ محمد العباد کو ایک بار پھر گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی عرب کے معروف شیعہ عالم دین شیخ محمد العباد کو سعودی سیکورٹی فورس نے ایسی حالت میں گرفتار کیا ہے کہ سات ماہ قبل ہی انھیں جیل سے رہا کیا گیا تھا ۔ وہ سعودی عرب کے صوبے الاحسا کے العمران علاقے سے تعلق رکھتے ہیں جنھیں سعودی سیکورٹی فورس نے سولہ ستمبر دو ہزار انیس کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کیا تھا۔
سعودی عرب کی اعلی عدالت نے بھی شیخ العباد کی گرفتاری کے بعد انھیں ڈھائی برس قید کی سزا سنا دی ۔
سعودی عرب میں انسانی حقوق کی پامالی ایسی صورت میں ہورہی ہے کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں منجملہ ہیومن رائٹس واچ نے اب تک سعودی عرب میں آزادی بیان پر قدغن اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں کی گرفتاری اور انھیں جیل میں بلا سبب قید کئے جانے پر بارہا تنقید کی ہے۔ انسانی حقوق کے امور میں اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر نے بھی سعودی جیل میں انسانی حقوق کے سرگرم کارکن محمد القحطانی کی صورتحال کو نہایت تشویشناک قرار دیا ہے۔ سعودی عرب میں انسانی حقوق کے سرگرم کارکن محمد القحطانی کو مارچ دو ہزار تیرہ میں گرفتار کر کے پندرہ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کے امور میں اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں انسانی حقوق کے سرگرم عمل کارکن محمد القحطانی کو جیل میں کسی سے ملنے کی اجازت نہیں ہے یہاں تک کہ ان کے وکیلوں تک کو ان سے ملنے نہیں دیا جاتا۔
دوسری جانب آل سعود حکومت نے بحرین کو پیش کش کی ہے کہ وہ بحرین میں ہونے والے انتخابات کے دوران ہر طرح کے مظاہروں کو کچلنے کے لئے تیار ہے۔ بحرین میں بارہ نومبر کو نمائشی انتخابات ایسی حالت میں منعقد کرائے جا رہے ہیں کہ جب اس ملک کے مختلف حکومت مخالف گروہوں نے ان انتخابات کا بائیکاٹ کئے جانے کا اعلان کیا ہے انسانی حقوق کے اداروں ںے بھی انتخابات کو جمہوریت سے عاری قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ آل خلیفہ دور حکومت میں اس ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کا تصور تک نہیں کیا جا سکتا۔
سعودی عرب کے شاہی دربار نے بحرین کے وزیر داخلہ کے نام اپنے ایک مراسلے میں اعلان کیا ہےکہ سعودی عرب بحرین کے انتخابات کے موقع پر امن و امان کے تحفظ اور کسی بھی قسم کی خطرناک صورت حال سے نمٹنے کے لئے اپنے ڈیڑھ ہزار خصوصی سیکورٹی اہلکاروں کو بھیجنے کے لئے تیار ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان سیکورٹی اہلکاروں کو بحرینی عوام کی سرکوبی کے لئے روانہ کیا جا رہا ہے۔ 

ٹیگس