Nov ۱۳, ۲۰۲۲ ۰۳:۲۴ Asia/Tehran
  • مصر میں درد ناک حادثہ، 21 افراد ہلاک

مصر میں ایک بس کے نہر میں گرنے سے کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سحر نیوز/عالم اسلام:  اطلاعات کے مطابق مصر کے دریائے نیل کے ڈیلٹا کے علاقے میں ہفتے کے روز ایک بس نہر میں گرنے سے کم از کم 21 افراد ہلاک اور 7 دیگر زخمی ہو گئے۔ مصر کی وزارت صحت نے بتایا کہ مرنے والوں میں 6 عورتیں اور 3 بچے بھی شامل ہیں۔ وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حادثہ دارالحکومت قاہرہ سے تقریباً 100 کلومیٹر شمال مشرق میں دکاہلیا صوبے میں ہوا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد 18 ایمبولینسیں جائے وقوعہ بھیجی گئیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق حادثے کے وقت بس میں 46 مسافر موجود تھے جن میں طلبا کا ایک گروپ بھی شامل تھا۔

مختلف خبر رساں ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ بس، ڈرائیور کے کنٹرول سے خارج ہوگئی ہو اور یہ حادثہ پیش آيا ہو۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرنے والے شخص کے اہل خانہ کو ایک لاکھ مصری پاؤنڈ اور زخمیوں کوپانچ ہزار پاؤنڈ دیئے جائيں گے۔

 

ٹیگس