افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی تردید
طالبان انتظامیہ نے ایک بار پھر افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی تردید کی ہے۔
طالبان انتظامیہ کے ڈپٹی ترجمان بلال کریمی نے افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں مختلف ممالک کی جانب سے اظہار تشویش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کے ثبوت و شواہد نہیں پائے جاتے کہ افغانستان، دیگر ملکوں کے لئے کوئی خطرہ ہے۔
انہوں نے افغانستان میں لشکر طیبہ اور جیش محمد جیسے گروہوں کی موجودگی کی اطلاع کو بھی غلط بتایا اور کہا کہ افغانستان کسی بھی ملک کے لئے خطرہ نہیں ہے اور افغانستان سے کسی بھی ملک کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔
طالبان کے انتظامیہ کے ڈپٹی ترجمان بلال کریمی نے کہا کہ امید ہے کہ افغانستان کے حقائق درک کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان و ہندوستان کے حکام نے حالیہ ہفتوں کے دوران افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کے بارے میں اظہار تشویش کرتے ہوئے طالبان کی جانب سے اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات عمل میں لائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ افغانستان کےمختلف شہروں میں دہشت گردانہ حملوں کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے ۔