شام پر اسرائیل کا پھر حملہ، متعدد فوجی جاں بحق اور زخمی+ ویڈیو
صیہونی حکومت نے ایک بار پھر شام کے شہر حمص پر فضائی حملہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کے بعض خبر رساں ذرائع نے شام کے شہر حمص پر صیہونی حکومت کے فضائی حملے اور متعدد میزائلوں کے تباہ و انٹرسیپٹ ہونے کی خبر دی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شامی خبر رساں ذرائع نے اتوار کی شام صوبہ حمص پر فضائی حملے کی اطلاع دی۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے اطلاع دی ہے کہ ان حملوں کے بعد حمص میں شامی فضائی دفاعی سسٹم فعال ہو گیا اور اس نے فائر کیے گئے میزائلوں کو انٹرسیپٹ کر دیا۔
بعض خبری ذرائع نے صیہونی حکومت کے راکٹوں کے لبنان کے آسمان سے گزرنے اور حمص پر حملہ کرنے کا ویڈیو بھی نشر کیا ہے۔
شام کی وزارت دفاع سے وابستہ ایک فوجی ذریعے نے بتایا کہ یہ حملہ اس اتوار کی شام 6 بج کر 18 منٹ پر شمالی لبنان میں واقع طرابلس الہرمل کی سمت سے ہوا۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ اس حملے کے دوران الشعیرات فوجی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا تاہم شامی فضائی دفاعی سسٹم نے کئی میزائلوں کو ناکارہ بنا دیا۔ شامی ذرائع کے مطابق اس حملے میں دو شامی فوجی جاں بحق اور تین زخمی ہوئے ہیں۔