مسلمان اور عرب ہم سے نفرت کرتے ہیں: اسرائیلی فوج کے جنرل کا اعتراف
صیہونی جنرل نے کہا ہے کہ قطر ورلڈ کپ میں آنے والے تمام مسلمان اور عرب اسرائیل سے نفرت کرتے ہیں
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی فوج کے جاسوسی کے شعبے کے ایک سابق اعلی عہدے دار جنرل میخائیل ملشٹائن نے کہا ہے کہ قطر ورلڈ کپ کے دوران صیہونی صحافیوں سے عرب شہریوں کا برتاؤ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ عربوں اور مسلمانوں کو اسرائیل سے نفرت ہے جس کا وہ کھلے عام مظاہرہ بھی کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں کے دوران واضح ہو گیا کہ بعض عرب ممالک کے ساتھ تلعقات معمول پر لانے کی عمارت کو، انتہائی سست بنیادوں پر کھڑا کیا گیا ہے۔
صیہونی جنرل نے کہا کہ بعض ممالک کے لیڈروں کے بیانات اور عالیشان تقریبات میں کی جانے والی باتوں کے برخلاف، ورلڈ کپ دو ہزار بائیس نے دکھا دیا کہ ان ممالک کے عوام اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے سخت مخالف ہیں ۔
میخائیل ملشٹائن نے ان واقعات کے پیش نظر صیہونی حکومت کے ساتھ بعض عرب ممالک کے تعلقات کے مستقبل کو انتہائی تاریک قرار دیا ۔