فلسطینی اینٹ کا جواب پتھر سے دے رہے ہیں
فلسطینی جوانوں نے صیہونیوں کے خلاف 15 کارروائیاں کیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں غرب اردن کے شہر الخلیل میں صیہونیوں کے خلاف تین کارروائی کی۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فلسطینی جوانوں نے صیہونیوں کے خلاف 15 کارروائیاں کیں۔
در ایں اثنا شمالی الخلیل میں فلسطینی جوانوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں اور صیہونی فوجیوں کی جانب سے فائرنگ اور آنسو گیس کے شیل داغے جانے سے درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے۔
دوسری جانب فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ عزالدین قسام بریگیڈ کے جوانوں نے غرب اردن میں واقع جنین کیمپ کے اطراف میں تعینات صیہونی فوجیوں کو اپنے جوابی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
ان دنوں مقبوضہ علاقوں اور خاص طور سے غرب اردن کے مختلف علاقوں کی صورت حال نہایت کشیدہ بنی ہوئی ہے اور فلسطینی مجاہدین ہر طریقے سے غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دے رہے ہیں جس سے صیہونی حکام کی تشویش بڑھتی جا رہی ہیں اور ان کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔