Dec ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۳:۳۷ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجیوں نے کم سن فلسطینی بچے کو شہید کردیا (ویڈیو)

غاصب صیہونی فوجیوں نے مجرمانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مغربی کنارے علاقے جنین کیمپ میں رہنے والے ایک کم سن فلسطینی بچے کو گولیاں مار کر شہید کردیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح صیہونی فوجیوں نے مغربی کنارے کے جنین کیمپ پر اچانک چڑھائی کردی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی بچہ شہید ہوگیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پندرہ سالہ فلسطینی بچے کو صیہونی فوجیوں کے اسنائپروں نے نشانہ بنایا ہے جس سے اسرائیل کی دہشت گردانہ ماہیت اور وحشی پن کی نشاندہی ہوتی ہے۔


دوسری جانب الجزیرہ ٹیلی ویژن نے فلسطین کی ہلال احمر کے حوالے سے بتایا ہے جنین کیمپ پر صیہونی فوجیوں کے حملے کے بعد فلسطینی مجاہدین کے ساتھ ان کی جھڑپیں بھی ہوئی ہیں جس کے دوران تین فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جبکہ دو کو صیہونی فوجیوں نے اغوا کر لیا ہے۔
فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
صیہونی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان جھڑپوں میں شدت کے درمیان عزالدین قسام بریگیڈ نے ایک ویڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں اس بریگیڈ کے مجاہدین کو بھاری ہتھیاروں اور میزائلوں کے ذریعے حملے کی ریہرسل کرتے دکھایا گیا ہے۔
عزالدین قسام بریگیڈ نے اس سے پہلے بھی ایک مختصر ویڈیو کلپ جاری کیا تھا جس میں اینٹی ایئر کرافٹ سسٹم کے ذریعے غزہ کی فضاؤں میں پرواز کرنے والے اسرائیلی جنگی طیاروں کا مقابلہ کرتے دکھایا گیا تھا۔


فلسطینی مجاہدین کے اس بریگیڈ نے اپنے پینتسویں یوم تاسیس کے موقع پر شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ کیمپ میں پریڈ اور فوجی نمائش کا اہتمام کیا تھا جس میں فلسطین کے اندر تیار ہونے والے ہتھیاروں کی نمائش کی گئی جن میں میزائل ، ڈرون طیارے ، لانچنگ پیڈ اور بمب شامل تھے۔فلسطینی مجاہدین کے تیار کردہ بھاری ہتھیاروں میں ایس پچاس، ایم پچھتر قسم کے میزائلوں کے علاوہ شہاب اور ابابیل ڈورن طیارے بھی شامل ہیں۔پچھلے چند ماہ کے دوران غرب اردن میں فلسطینوں کی مزاحمتی کاروائیوں میں قابل ذکر اضافہ ہے اور وہ ہر ممکن طریقے سے اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات اور جارجیت کا جواب دے رہے ہیں۔
اس صورتحال نے اسرائیل کے سیاسی اور فوجی حکام کو تشویش میں متبلا کردیا اور ان کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں اور وہ فلسطینیوں کی مزاحمتی کاررائیوں کے مقابلے میں اپنی ناتوانی کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

ٹیگس