Dec ۱۴, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
  • فیفا ورلڈ کپ، فلسطین کی زوردار حامی ٹیم مراکش کا سیمی فائنل آج

فیفا ورلڈ کپ کا آج دوسرا اور حساس سیمی فائنل فرانس اور مراکش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

سحر نیوز/اسپورٹس: اطلاعات کے مطابق یہ حساس اور سنسنی خیز مقابلہ آج رات ایران کے وقت کے مطابق ساڑھے دس بجے پاکستان کے وقت کے مطابق بارہ اور ہندوستان کے وقت کے مطابق ساڑھے بارہ بجے کھیلا جائے گا۔

مراکش کی ٹیم فیفا ورلڈ کے دوران اپنی حیران کن اور شاندار کارکردگی کے بعد اس مرتبہ پہلی بار سیمی فائنل تک پہنچی ہے اور اس طرح یہ ٹیم سیمی فائنل تک آنے والی پہلی افریقی اور اسلامی ٹیم شمار ہوتی ہے۔

مراکش نے کوارٹر فائنل کے سنسنی خیز مقابلے میں دنیا کی معروف فٹبال ٹیم پرتگال کو ایک صفر سے ہرایا کر دنیا بھر میں فٹبال شائقین کو حیران کر دیا تھا۔

ایک اور دلچسپ بات اس ٹیم کے حوالے سے یہ رہی کہ اس نے پورے ورلڈ کپ کے دوران فسلطین کی بھرپور حمایت کی اور اپنی ہر خوشی میں اُس نے اپنے قومی پرچم کے ساتھ ساتھ فلسطینی پرچم کو بھی خوب لہرایا اور پورے ورلڈ کپ کے دوران اُس نے فلسطینی کاز کا جم کر دفاع کیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز فیفا ورلڈ کپ بیس بائس کے پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹینا کروشیا کو تین صفر سے شکست دے کر چھٹی بار فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے چونتیس ویں اور جولیان الواریز نے انتالیس ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔ میچ کے دوسرے ہاف میں تیسرا گول ہوا اور اس میں کپتان لیونل میسی کا کردار رہا۔ انہوں نے ایک شاندار پاس اپنے ساتھ جولیان الواریز کو دیا اور انہوں نے انہتر ویں منٹ میں ایک اور گول کرکے ارجنٹینا کی کامیابی کو یقینی بنایا۔

لیونل میسی کا یہ ورلڈ کپ فٹ بال میں مجموعی طور پر گیارہواں گول تھا اور وہ اس میچ کے بعد اپنے ملک کی جانب سے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے، انہوں نے سابق کھلاڑی بیٹسٹوٹا کا ریکارڈ توڑا ہے۔

 

ٹیگس