Dec ۱۹, ۲۰۲۲ ۱۴:۰۳ Asia/Tehran
  • غرب اردن میں مسلح جھڑپیں

فلسطینی ذرائع نے غرب اردن کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوجیوں اور فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین کے درمیان مسلح جھڑپوں کی خبر دی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: شہاب نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے الخلیل اور نابلس کو جارحیت کا نشانہ بنایا جہاں فلسطینیوں سے ان کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔

ادھر رام اللہ کے مغرب میں فلسطینی جوانوں نے صیہونی فوجیوں کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

جنوب مغربی جنین کے علاقے عرابہ پر بھی صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مجاہدین نے صیہونی فوجیوں کی ایک گشتی گاڑی کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔

غرب اردن میں جنین بٹالین نے بھی اعلان کیا ہے کہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کے جانبازوں نے صیہونی جارحیت کے جواب میں صیہونی فوجیوں پر فائرنگ کی ۔
جہاد اسلامی فلسطین کی فوجی شاخ سے متعلق قباطیہ مزاحمتی گروہ نے صیہونی فوجیوں کے خلاف متعدد جوابی کارروائیاں انجام دینے کی بات کہی ہے۔
اس مزاحمتی گروہ کا کہنا ہے کہ جنین کے علاقے برقین پر صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مجاہدین نے صیہونی فوجیوں پر فائرنگ کی۔ 

صیہونی فوجیوں نے اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنین اور مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں کئی فلسطینی زخمی ہو گئے۔

اس درمیان صیہونی فوجیوں نے جنین کے شمال مشرق میں واقع گاؤں فقوعہ پر حملہ کر کے ندیم عرسان ابو سلمہ اور محمد ناصر ابو سلمہ نامی دو فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔

اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے فلسطینی نوجوانوں کا مقابلہ کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل داغے اور صوتی بم دھماکے کئے جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔

صیہونی فوج نے قدس کے شمال مشرق میں واقع قصبے حزما پر بھی حملہ کیا جس کے بعد فلسطینی نوجوانوں سے ان کی جھڑپیں ہوئیں۔

دوسری جانب فلسطینی نوجوانوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع قلندیا میں صیہونی فوج کی چوکی کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا۔

ٹیگس