صیہونیوں کی نیندیں حرام ہو گئیں
فلسطینی مجاہدین نے صیہونیوں کے خلاف مزید مسلحانہ کارروائیاں انجام دیکر صیہونیوں کو پریشان اور تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: فارس خبر رساں ایجنسی نے فلسطینی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کے ایک اجتماع پر فائرنگ کی گئی، اس سے قبل فلسطینی مجاہدین نے اس سلسلے کی ایک کارروائی میں جلبون دیہی علاقے کے قریب واقع صیہونی آبادی کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔
ایک اور کارروائی کے دوران جنین کے مضافات میں صیہونی فوجی دستے پر گولیاں برسائی گئیں۔
اس کے علاوہ اپرتھائیڈ دیوار کے پاس، جلمہ اور دوتان نام کی صیہونی فوج کی چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا گیا، یہ تمام واقعات تین گھنٹے کے اندر پیش آئے۔
اس سے قبل غرب اردن میں واقع شاکید صیہونی بستی کو نشانہ بنایا جا چکا تھا جس کی ذمہ داری جہاد اسلامی فلسطین کی فوجی شاخ سرایا القدس نے قبول کی تھی۔ اس حملے میں متعدد صیہونی آبادکار زخمی ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے، صیہونی فوج اور مسلح آباد کاروں کی جانب سے بڑھتی جارحیت اور فلسطینی خواتین اور بچوں کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں، اپنی جوابی اور انتقامی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
صیہونی حکام اب یہ اعتراف کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ فلسطینی اب پتھر کے بجائے ہتھیاروں سے اُن کا جواب دے رہا ہے۔