Nov ۰۹, ۲۰۲۵ ۰۷:۵۸ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں پر صیہونی آبادکاروں کے حملوں میں ریکارڈ اضافہ: اقوام متحدہ کو تشویش

اقوامِ متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور کے مطابق فلسطینیوں پر صیہونی آبادکاروں کے حملوں میں اب تک کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

 سحرنیوز/عالم اسلام: اقوامِ متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور نے بتایا ہے کہ صرف اکتوبر کے مہینے میں اسرائیلی آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں کم از کم 264 حملے کئے، جو 2006 سے ان واقعات کے ریکارڈ رکھنے کے آغاز کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اقوامِ متحدہ نے ان بڑھتے ہوئے حملوں پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں خبردار کیا گيا ہے کہ تشدد کی رفتار خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ بیان کے مطابق یہ حملے، جن میں جانی نقصان، زخمی ہونے اور املاک کی تباہی کے واقعات شامل ہیں، روزانہ اوسطاً  آٹھ مرتبہ کئے جا رہے ہیں۔

مذکورہ دفتر نے بتایا کہ 2006 سے اب تک ایسے 9600 سے زیادہ حملوں کی دستاویزات موجود ہیں، جن میں سے تقریباً 1500 حملے صرف رواں سال کے دوران ہوئے۔اقوامِ متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے آغاز سے گزشتہ بدھ تک مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 42 فلسطینی بچے شہید ہوئے۔

بیان میں بتایا گیا کہ 2025 میں مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے ہر پانچ افراد میں سے ایک فلسطینی بچہ تھا۔

قابل ذکر ہے کہ یہ حملے ایسے وقت میں ہو رہے ہیں کہ جب غزہ میں 10 اکتوبر سے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے۔

تحریک حماس اور غاصب اسرائیلی حکومت کے درمیان مصر کے شرم الشیخ شہر مین غزہ جنگ بندی معاہدہ طے ہوا تھا لیکن غاصب اسرائیلی فوج جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے جبکہ تحریک حماس معاہدے پر پوری طرح سے عمل پیرا ہے۔

 

ٹیگس