شام میں محنت کشوں کی بسوں پر حملہ، 12 جاں بحق و زخمی
شامی حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی شام میں محنت کشوں اور مزدوروں کی حامل تین بسوں پر دہشت گردانہ حملے میں بارہ افراد جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: سانا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مقامی حکام نے اعلان کیا ہے کہ یہ دہشت گردانہ حملہ جمعے کو دیر الزور میں تیل کے کنویں التیم کے قریب ہوا۔ اس حملے میں الفرات آئل کمپنی کے دس مزدور جاں بحق اور دو دیگر زخمی ہوئے۔ شام کے وزیر پٹرولیم نے اس حملے کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شامی عوام کو تیل کے بحران کا سامنا ہے جبکہ امریکہ اور اس کے آلہ کار چاہتے ہیں کہ شامی عوام کو تیل نہ پہنچ سکے اور اسی بنا پر آئل کمپنی کے مزدوروں کی حامل بسوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
شام میں امریکہ اور اس کے حمایت یافتہ کرد فوج نے اہم آئل مراکز کو اپنے قبضے میں لے رکھا ہے اور تیل کے کنوؤں سے روزانہ دسیوں ٹینکر تیل چوری کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام شام میں مزید بحران اور شامی عوام کے لئے پیچیدہ ترین مشکلات پیدا ہونے کا باعث بنا ہوا ہے۔