عالمی سامراج کے بالمقابل آہنی دیوار بننے والوں کی آج تیسری برسی، دنیا بھر میں سوگ
امریکی، صیہونی اور تکفیری دہشتگردی کے خلاف جنگ کے عظیم سپہ سالار جنرل قاسم سلیمانی اور انکے ساتھی ابو مہدی المہندس کی آج دنیا بھر میں تیسری برسی بڑی شان و شوکت کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: آج دنیا کے تمام حریت پسند، انسانیت کے تحفظ کی راہ میں ناقابل بیان جانفشانیاں کرنے والے محاذ استقامت کے عظیم کمانڈروں شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
یورپ ہو یا امریکہ، افریقہ ہو یا ایشیا، تمام بر اعظموں میں امریکہ، ہر مقام پر صیہونیت و تکفیریت کے پروردہ دہشتگرد ٹولے کی نام نہاد حکومت کے خواب چکناچور کر کے عالمی سامراج کی ناک رگڑنے والے عالم اسلام کے عظیم کمانڈروں کو آج دنیا والے سلام پیش کر رہے ہیں۔
برصغیر ہندوستان و پاکستان کی اگر بات کی جائے ان دنوں بہت سے شہروں اور حتیٰ چھوٹے قریوں اور دیہاتوں میں شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کے نام پر لوگ اکٹھا ہو کر انہیں اور انکے شہید ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ آج اپنے عروج پر ہے۔
اطلاعات کے مطابق بر صغیر میں جابجا مجالس عزا، کانفرنسوں، کتابخانی کے مقابلوں، آرٹ کمپٹیشنز وغیرہ جیسے پروگرام کا سلسلہ جاری ہے۔ لوگ شہدا کے نام پر روڈ کے کنارے اسٹال لگا رہے ہیں تو کہیں انکی تصویر سے مزین پوسٹرز، کی رنگز اور ٹی شرٹیں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ بعض شہروں میں محاذ استقامت کے عظیم کمانڈروں کے سلسلے میں خصوصی نمائشوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
کچھ جیالے ہیں جنہوں نے شہیدوں کے نام پر غریب، نادار اور پریشاں حال لوگوں کو سہارا دینے کا بیڑا اٹھایا ہے اور انکے لئے امدادی پیکیجز تیار ہو رہے ہیں۔
ایران و عراق دونوں ممالک کی فضا آج خاصی سوگوار سی دکھائی دے رہی ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے دونوں ممالک کے شہروں قریوں اور شاہراہوں پر شہیدوں کے پوسٹرز اور بینرز لگے ہوئے ہیں۔
عراق میں گزشتہ کئی روز سے امریکی دہشتگردی میں شہید ہونے والے جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی تیسری برسی کے پیش نظر مختلف قسم کے عظیم الشان پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے اور بغداد ایئرپورٹ کے قریب شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی جائے شہادت پر لوگ بڑی تعداد میں اکٹھا ہو کر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ امریکہ سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کر رہے ہیں۔
نجف کے معروف اور تاریخی قبرستان وادی السلام میں واقع شہید ابو مہدی المہندس کے مزار پر بھی حریت و شہادت کے متوالوں کا تانتا بندھا ہوا ہے اور لوگ جوق در جوق انکے مزار پر آکر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں۔
اِدھر ایران میں بھی شہید جنرل قاسم سلیمانی کے آبائی شہر کرمان میں واقع انکے مزار پر گزشتہ کئی روز سے مکتب سلیمانی کے معتقد افراد کا ہجوم ہے جو گزشتہ شب اور آج اپنے عروج کو پہنچ گیا۔ لوگ ملک کے دور دراز علاقوں سے اظہار عقیدت کے لئے شہید سلیمانی کے مزار پر حاضر ہو رہے ہیں۔
کرمان جانے والوں میں ایک بڑی تعداد غیر ملکیوں کی بھی نظر آ رہی ہے جو زیارت کی نیت سے مختلف ممالک منجملہ پاکستان، ہندوستان، ترکیہ، آذربائیجان، لبنان، یمن، اور افغانستان سے ایران پہنچے ہیں اور انہوں نے اپنے زیارتی سفر میں شہید قاسم سلیمانی کے مزار پر حاضری کا پروگرام بھی شامل کیا ہے۔
شہدائے استقامت کی یاد میں آج ملک بھر میں بڑے بڑے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ دارالحکومت تہران کا مرکزی اور عظیم الشان اجتماع آج دوپہر امام خمینی (رح) عیدگاہ میں ہوگا۔
واضح رہے کہ شہید راہ بیت المقدس کہلانے والے جنرل قاسم سلیمانی کو امریکی دہشتگردوں نے آج سے تین سال قبل تین جنوری کو سابق امریکی صدر ٹرمپ کے براہ راست حکم سے اُس وقت شہید کر دیا تھا جب وہ عراق کی باضابطہ دعوت پر بغداد پہنچے تھے۔ انکے ساتھ عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس اور آٹھ دیگر مجاہدوں نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا۔