Jan ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۴:۲۸ Asia/Tehran
  • ایران و عراق کے تعلقات تاریخی ہیں: عراقی وزیر اعظم

عراق کے وزیراعظم نے ایران کے ساتھ تعلقات کو مثبت و تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے دو ہزار تین سے عراق میں سیاسی عمل کی ہمیشہ حمایت اور داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف جنگ میں بغداد کی بھرپور مدد کی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المعلومہ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے ایک بیان میں ایران کے ساتھ عراق کے تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ عراق کے تعلقات تاریخی رہے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان بارہ سو سے زائد کلو میٹر طویل مشترکہ سرحدیں قائم ہیں اور ایران کے ساتھ ہمارے مشترکہ دینی، ثقافتی اور سماجی اقدار پائی جاتی ہیں۔
عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دو ہزار تین میں عراق میں حکومت کی تبدیلی کے بعد سے ایران نے عراق میں سیاسی عمل کی ہمیشہ حمایت کی ہے اور داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف عراق کی جنگ میں ہمیشہ بغداد کی بھرپور مدد کی ہے، کہا کہ ایران کے ساتھ عراق کے تعلقات مثبت رہے ہیں اور باہمی تعاون کے دائرے میں یہ تعلقات اغیار کی مداخلت سے ہمیشہ دور رہتے ہوئے برقرار رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ عراق نے ایران اور عرب ملکوں کے درمیان رابطہ پل کا کردار ادا کیا ہے۔
یاد رہے کہ عراقی وزیراعظم کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب عراقی حکام کی جانب سے خلیج فارس کا جعلی نام استعمال کئے جانے پر تہران میں بغداد کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے بدھ کے روزعراقی حکام کی جانب سے خلیج فارس کا نام جعلی طور پر استعمال کئے جانے پر ایران کے باضابطہ احتجاج اور ردعمل سے متعلق کہا ہے کہ  باوجود اس کے کہ عراق کے ساتھ ایران کے اسٹریٹیجک، برادرانہ اور گہرے تعلقات قائم  ہیں مگر خلیج فارس کا غلط نام استعمال کئے جانے پر ہم نے عراق سے احتجاج کیا ہے اور تہران میں عراق کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کر کے اس سلسلے میں وضاحت طلب کی ہے۔
وزیرخارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے کہا کہ اس موقع پر عراقی سفیر سے صراحت کے ساتھ کہا گیا ہے کہ ایران، خلیج فارس کا نام غلط طریقے سے استعمال کئے جانے کے سخت خلاف ہے اور ایرانی عوام اس سلسلے میں کافی حساس ہیں اور خلیج فارس کے نام میں کسی طرح کی تبدیلی کو تحمل نہیں کرسکتے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے سوشل میڈیا پر خلیج فارس کا نام غلط استعمال کرنے کے اپنے اقدام کی اصلاح کر لی ہے۔
واضح رہے کہ عراق کی میزبانی میں عرب نیشنز لیگ ٹورنامنٹ جاری ہے اور اس موقع پر عراقی حکام نے خلیج فارس کے جعلی نام کا استعمال کر لیا تھا جبکہ خلیج فارس کا نام ہمیشہ خلیج فارس رہے گا ۔

ٹیگس