Jan ۱۹, ۲۰۲۳ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
  • افغان انجینئروں نے مقامی سطح پر ایک سپر کار تیار کر لی (ویڈیو)

افغانستان میں آٹوموبائل بنانے والی مقامی کمپنی اینٹاپ Entop نے ملک میں مقامی سطح پر تیار کردہ Mada 9 نامی پہلی سپر کار کی رونمائی کی ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اینٹاپ اور مقامی افغانستان ٹیکنیکل ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ (ATVI) کے 30 سے زائد انجینئرز کی ایک ٹیم نے دلچسپ کار تیار کی ہے۔ ٹیم کا کہنا ہے کہ اُس نے یہ کار تیار کرنے میں نصف دہائی سے زیادہ کا عرصہ صرف کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس گاڑی میں 4 سلنڈر والا انجن استعمال کیا گیا جس کی طاقت ٹویوٹا کورولا کے برابر بتائی جاتی ہے اور اُسے گاڑی کے پیچھے کی جانب نصب کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس گاڑی کی رونمائی کے لئے طالبان حکومت کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم عبدالباقی حقانی کو دعوت دی گئی اور انہوں نے کمپنی کے صدر دفتر پہنچ کر اسکی رونمائی کی۔ اس موقع پر طالبانی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم عبدالباقی حقانی کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی طالبان حکومت کی جانب سے عوام کو 'جدید' مذہب کے ساتھ علوم مہیا کرنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اینٹاپ کے سی ای او محمد ریاض احمدی کا کہنا ہے کہ جلد اس گاڑی کو عالمی منڈی میں پیش کیا جائے گا لیکن اس سے پہلے گاڑی کو مقامی سطح پر آزمائش کے بعد ملکی بازار میں پیش کیا جائے گا۔

افغانستان میں گزشتہ دہائیوں کے دوران تمام تر بد امنی، جنگ اور عدم استحکام کے باوجود اس پیشرفتہ اور حیرت انگیز کار کی تیاری نے سبھی کو حیران کر دیا ہے اور سوشل میڈیا صارفین کار کی پروڈکشن ٹیم کو داد تحسین دے رہے ہیں۔ اس کار کی تیاری اور اُسے عالمی سطح پر ملنے والی شہرت سے طالبان حکام بھی خاصے خوش نظر آ رہے ہیں۔

ٹیگس