رام اللہ میں فلسطینی جوان کی شہادت
فلسطینی ذرائع نے رام اللہ کے مغرب میں واقع علاقے راس کر کر میں مزاحمتی کارروائی انجام پانے کی خـبر دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق ایک فلسطینی جوان نے رام اللہ کے مغرب میں راس کر کر نامی علاقے میں صیہونی فوجیوں پر ہلکے و معمولی ہتھیار سے حملہ کیا۔ اس فلسطینی جوان کی اس مزاحمتی کارروائی پر صیہونی فوجیوں نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا۔
صیہونی ذرائع نے بھی غرب اردن کے شمال میں ایک فلسطینی جوان کو فائرنگ کا نشانہ بنائے جانے کی خبر دی ہے ۔ ان ذرائع نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ یہ فلسطینی جوان بہت معمولی و ہلکے ہتھیار سے اسرائیلی فوجیوں کو اپنی مزاحمتی کارروائی کا نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتا تھا جبکہ اسرائیلی فوجیوں نے اس فلسطینی پر براہ راست فائرنگ کر دی۔
دوسری جانب مقبوصہ بیت المقدس میں قلندیا کے علاقے میں ایک چیک پوسٹ پر دو دستی بم پھینکے جانے کی رپورٹ ملی ہے۔
شہاب نیوز کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے ایک فوجی ہیڈ کوارٹر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا ہے۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران غرب اردن کے مختلف علاقوں اور مقبوضہ بیت المقدس میں بائیس مزاحمتی کارروائیاں انجام پائی ہیں۔