صیہونی وزیر متحدہ عرب امارات کے خفیہ دورے پر
صیہونی میڈیا نے پیر کی شب اس حکومت کے اسٹریٹجک امور کے وزیر کے متحدہ عرب امارات کے خفیہ دورے اور اس ملک کے حکام سے ملاقاتوں کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: صیہونی حکومت کی ویب سائٹ "i 24" نے باخبر ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل کے اسٹریٹجک امور کے وزیر Strategic Affairs "رون ڈرمر" نے ابوظہبی کا دورہ کیا اور اس ملک کے اعلی حکام سے ملاقات اور گفتگو کی۔
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے قومی سلامتی کے مشیر تساہی ہانگبی بھی اس دورے میں رون ڈرمر کے ہمراہ تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈرمر کے دورۂ ابوظہبی کا ایک مقصد اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے دورۂ متحدہ عرب امارات کا جائزہ لینا تھا۔
نیتن یاہو نے دو ہفتے قبل متحدہ عرب امارات کے دورے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن یہ دورہ ملتوی کر دیا گیا تھا۔ انتہا پسند صہیونی وزیر اتمار بن گور کی مسجد الاقصیٰ کی اہانت اس دورے کے التوا کا باعث بنی۔
صیہونی حکومت کے صدر اسحاق ہرزوگ نے 14 دسمبر کو ابوظہبی کا دورہ کیا اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید نے ان کا باضابطہ استقبال کیا۔