سعودی عرب میں جلد ہی صیہونیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا
سعودی عرب غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات کے استحکام کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنے بعض علاقوں میں صیہونیوں کو سیر و تفریح کے لئے آنے کی اجازت دینے جا رہا ہے۔ یہ انکشاف خود صیہونی ذرائع ابلاغ نے کیا ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: ارنا نیوز کے مطابق صیہونی ویب سائٹ گلوبس نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان تیران اور صنافیر نامی اپنے دو جزیروں کو سیاحتی مراکز میں تبدیل کرنے کا ارادہ کر چکے ہیں اور وہ وہاں پر سیر و تفریح کے لئے غاصب صیہونی باشندوں کو بھی آنے کی اجازت دے دیں گے۔
اس رپورٹ کے مطابق سعودی حکام نے اپنے ملک اور مصر کے درمیان ایک پل تعمیر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعہ با آسانی صیہونیوں کو سعودی عرب تک منتقل کیا جا سکے گا۔
صیہونی ویب سائٹ نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ تیران اور صنافیر جزیروں پر صیہونیوں کی آمد کا سامان فراہم کرنا خود اس بات کی دلیل ہے کہ سعودی حکام اسرائیل سے قریب ہونے کے مشتاق ہیں۔
صیہونی حکومت نے چند ماہ قبل ریڈ سی کے دو اسٹریٹیجک جزیروں کے سلسلے میں کچھ اہم شقیں منظور کی تھیں جس کا مقصد سعودی حکام کے لئے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی راہ میں اہم اقدامات کو آسان بنانا تھا۔
اسکے علاوہ حال ہی میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کو اسلامی ممالک اور علاقے کے مفاد میں قرار دے چکے ہیں۔