Feb ۰۱, ۲۰۲۳ ۰۰:۰۰ Asia/Tehran
  • لبنان میں داعش کا بڑا حملہ ناکام، تفصیلات سامنے آ گئی

لبنان میں دہشت گرد گروہ داعش کی کارروائیوں کو ناکام اور بے اثر کرنے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: لبنان کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پبلک سیکورٹی نے حال ہی میں پانچ لبنانیوں کو گرفتار کیا ہے۔ یہ لوگ، جو داعش دہشت گرد گروہ سے وابستہ تھے، فرقہ وارانہ مذہبی حملے کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

لبنانی سیکورٹی فورسز نے گزشتہ ماہ دسمبر کے وسط میں داعش دہشت گرد گروہ سے وابستہ ایک گروہ کو گرفتار کیا تھا جو فرقہ وارانہ اور مذہبی حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

لبنان کے روزنامے الاخبار نے رپورٹ دی ہے کہ لبنان کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پبلک سیکیورٹی نے ملک کے شمالی علاقے میں پانچ لبنانیوں کو گرفتار کیا جن پر طرابلس میں داعش سے وابستہ گروہ کی تشکیل کا الزام تھا۔

اس اخبار کے مطابق ان پانچ افراد سے پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ لبنانی افواج نے اس کارروائی سے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ گرفتار افراد میں سے ایک نے اعتراف کیا کہ وہ طرابلس میں نئے سال کے موقع پر ایک چرچ پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔

اس نے یہ بھی اعتراف کیا کہ اس کے اعلیٰ عہدیداروں نے اسے حملے کے لیے دوسرے اہداف تجویز کیے تھے جن میں جنوبی بیروت میں الرسول الاعظم ہسپتال اور بیروت میں ایک حسینیہ اور جبل محسن کے علاقے میں کئی دیگر اہداف شامل ہیں۔

الاخبار کے مطابق ان افراد میں سے زیادہ تر کا تعلق ایسے خاندانوں سے ہے جنہوں نے طویل عرصے سے دہشت گرد گروہوں کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ ان میں سے کچھ شام میں جنگ میں شامل رہے ہیں اور ان میں سے کچھ دہشت گردوں سے وابستگی کی وجہ سے برسوں سے جیل میں ہیں۔

ٹیگس