Feb ۰۶, ۲۰۲۳ ۰۷:۳۴ Asia/Tehran
  • ترکیہ میں 7.8 شدت کا بھیانک زلزلہ، سیکڑوں اموات کا خدشہ (ویڈیو)

ترکیہ میں آئے سات اعشاریہ آٹھ کی شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: غیر ملکی میڈیا نے یورپی زلزلہ پیما مرکز کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ زلزلہ ترکیہ کے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ریکٹر اسکیل پر سات اعشاریہ سات کی شدت کے ساتھ ریکارڈ کیا گیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق اس زلزلے کی شدت 7.8 رہی ہے۔ زلزلے کا مرکز ترکیہ اور شام کے سرحدی علاقے پر ترکیہ کے غازیانتب علاقے کے شمال مشرقی علاقے سے چھبیس کلومیٹر کے فاصلے پر بتایا جاتا ہے جس کی گہرائی 17.9 کلومیٹر تھی۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ایک منٹ تک محسوس ہوتے رہے جس سے عمارتوں کو خاصا نقصان پہنچا ہے، علاقے کے بعض حصے کھنڈرات میں تبدیل ہو گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ترکیہ اور شام سے آنے والی ویڈیوز میں بہت سی زمیں بوس ہونے والی عمارتوں کو دیکھا جا سکتا ہے جس سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ترک ذرائع کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات سوا چار بجے آیا، جب بیشتر لوگ سوئے ہوئے تھے۔ زلزلے کے سبب خوفزدہ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ رپورٹ کے مطابق زلزلے کے بعد کچھ دیر تک 6.7 ریکٹر تک کی شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کئے جاتے رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت اور اسکے باعث ہونے والی تباہی کے پیش نظر علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ اس شدید زلزلے کے جھٹکے شام کے علاوہ قبرص، یونان، اردن اور لبنان میں بھی محسوس کئے گئے ہیں۔ ابھی تک زلزلے کے حوالے سے مزید تفصیلات موصول نہیں ہو پائی ہیں۔

 

ٹیگس