Feb ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۸ Asia/Tehran
  • اپنے آبائی گھر تباہ ہونے نہیں دیں گے: فلسطینیوں کا بیت المقدس میں دھرنا

مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی شہریوں نے اس رہائشی عمارت کے سامنے دھرنا دے دیا ہے جسے صیہونی فوجی منہدم کرنا چاہتے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: العالم نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق، العیساویہ کے القدوم محلے کے رہنے والوں نے اس گھر کے سامنے دھرنا دیتے ہوئے صیہونیوں کے اس گھناؤنے اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ 
فلسطینی شہریوں نے اس جگہ پر باجماعت نماز بھی ادا کی تاہم نماز کے فورا بعد انہیں صیہونی فوجیوں کے حملے کا سامنا کرنا پڑا۔
حملہ آور صیہونی فوجیوں نے تشدد کے ذریعے دھرنا دینے والوں کو ہٹانے اور وہاں پر لگائے گئے فلسطین کے پرچم کو گرانے کی کوشش کی جس کا القدوم محلے کے فلسطینیوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور قابض صیہونیوں کے سامنے مزاحمت جاری رکھنے پر مبنی نعرے لگائے۔
قابل ذکر ہے کہ نیتن یاہو کی انتہاپسند کابینہ کے بر سر اقتدار آنے کے بعد، فلسطینیوں کے آبائی گھروں کو گرانے اور زمینوں پر قبضہ کرنے کی رفتار اور شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ 
عالمی اداروں نے تل ابیب کے ان جارحانہ اقدامات پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ 
قابل ذکر ہے کہ صیہونی انتہا پسند وزیر ایتمار بن گویر نے کچھ عرصے قبل ایک مسودہ پیش کیا تھا جس کے تحت بیت المقدس میں رہنے والے فلسطینیوں پر حملوں میں شدت لائی جانی تھی ۔ اس مسودہ کو صیہونی کابینہ میں منظوری بھی دے دی گئی۔
ادھر بیت المقدس کے فلسطینیوں نےعرب، مسلمان اور عیسائی حلقوں، تنظیموں اور اداروں سے درخواست کی ہے کہ تل ابیب کی غاصبانہ پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور انہیں ان بہیمانہ جرائم کے لئے ذمہ دار ٹہرائیں۔ 

ٹیگس