غزہ، صیہونی فوجیوں کو گرفتار کرنے کی مشقیں کی گئیں
ڈیموکریٹک محاذ برائے آزادی فلسطین نے غزہ پٹی میں فوجی مشقیں کی ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ میں آئی آر آئی بی کے نمائندے نے بتایا ہے کہ یہ مشقیں غزہ میں فلسطینی مزاحمتی محاذ اور عام شہریوں پر صیہونی فوجیوں کے حملوں میں اضافے کے پیش نظر انجام دی جا رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس موقع پر جنگی حکمت عملی، دشمن کی صفوں میں گھس کر حملے اور صیہونی فوجیوں کی گرفتاری کی مشقیں کی گئیں ۔
قابل ذکر ہے کہ ان مشقوں میں جنگی گولیوں کا استعمال کیا گیا ہے۔
اس سے قبل دیگر مزاحمتی گروہوں نے بھی مشترکہ فوجی مشقیں منعقد کرکے صیہونی دشمن کے مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کو آزمایا تھا۔
یاد رہے کہ ان دنوں مقبوضہ سرزمینوں میں حالات انتہائی حساس دور سے گزر رہے ہیں اور ماضی کے برخلاف عرین الاسود جیسے گروہوں نے غرب اردن اور مقبوضہ سرزمینوں میں فوجی کارروائیاں کرکے صیہونیوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔
ان مزاحمتی کارروائیوں کے دائرے میں روز بروز اضافہ بھی ہوتا جا رہا ہے۔