Feb ۲۱, ۲۰۲۳ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کے حقوق کا حصول صرف استقامت و مزاحمت سے ممکن ہے: رمضانی

فلسطین کا معاملہ اب ایک عالمی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے، یہ بات اہل بیت عالمی اسمبلی (اے ڈبلیو اے) کے سیکریٹری جنرل رضا رمضانی نے کہی۔

سحر نیوز/ایران: بیت المقدس کی حمایت میں تہران میں منعقدہ کمیٹڈ آرٹ کی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈبلیو اے کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ فلسطین کے عوام صرف اور صرف مزاحمت و استقامت کا راستہ اپنا کر ہی اپنے حقوق کو حاصل کر سکتے ہیں اور انکی سرزمین کے حوالے سے منطقی ترین بات یہ ہے کہ بیگانہ طاقتوں کو فلسطین کے اقتدار اعلیٰ کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

حجت الاسلام رمضانی نے کہا کہ ایک غاصب حکومت آکر ایک قوم کی سزرمین کو ہڑپ کر لیتی ہے اور وہاں کے بچوں اور خواتین کو اپنے جرائم کا نشانہ بناتی ہے، یہ تاریخ کی ایسی رسوائی ہے جس کی نظیر کہیں اور نظر انہیں آتی۔

اہل بیت عالمی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ باوجود اس کے کہ فلسطین کی مقدس سرزمین تمام ادیانِ ابراہیمی کے نزدیک خاص احترام رکھتی ہے مگر اِس کے باوجود تاریخ کے بدترین واقعات وہاں رقم ہو رہے ہیں۔

حجت الاسلام رمضانی نے واضح کیا کہ اس وقت جذبۂ استقامت و مزاحمت دنیا میں عام ہو چکا ہے اور یہ عنصر انقلاب اسلامی کی برکت سے آج عالمی سامراج کے بالمقابل عراق، افغانستان، لبنان، یمن اور ایران میں ایک ثقافت کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

ٹیگس