Feb ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۳:۵۸ Asia/Tehran
  •  صیہونی جارحیت کا مقابلہ نہ کئے جانے کی مصری پیشکش تحریک مزاحمت کی طرف سے مسترد

فلسطین کی تحریک مزاحمت نے صیہونیوں کی جارحیتوں کا مقابلہ نہ کرنے کی مصری پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے صیہونی غاصبوں کی جارحیت کے مقابلے میں سخت ترین اور منھ توڑ جوابی کارروائی انجام دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق علاقائی مصالحت کاروں کی جانب سے وسیع پیمانے پر کوششیں جاری ہیں تاکہ غرب اردن کے علاقے نابلس میں صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں صیہونی غاصبوں کے ساتھ ممکنہ طور پر شروع ہونے والی وسیع پیمانے پر جنگ کو روکا جا سکے۔

مصری سہولت کار نے غزہ میں تحریک مزاحمت سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا کوئی جواب نہ دے اور صرف مظاہرے اور مارچ کئے جانے کی حد تک احتجاج درج کرایا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مصر کی اپیل، سیکورٹی کی صورت حال کے خطرناک ہونے پر انتباہ کی حامل رہی ہے چونکہ صیہونی حکومت کی جارحیت پر سخت جوابی ردعمل غزہ پر شدید حملہ ہونے کا باعث بن سکتا ہے۔

غرب اردن کے شہر نابلس پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت میں گيارہ سے زائد فلسطینیوں کی شہادت کے بعد فلسطین کے مختلف مزاحمتی گروہوں نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں اعلان کیا ہے کہ غرب اردن کے مختلف علاقوں میں صیہونی جارحیت کی بھڑکنے والی آگ خود صیہونی حکومت کو بھسم کر کے رکھ دے گی۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی انتہا پسند کابینہ کے جارح وزیر جنگ نے فلسطینیوں کو دھمکی دی ہے کہ مسلح فلسطینیوں کے قتل کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

یوآف گالانت نے جمعرات کی رات مسلح فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جاری کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی فوج اور سیکورٹی ادارے مسلح فلسطینیوں سے نہایت سختی سے نمٹیں گے۔

اس جارح وزیر نے کہا ہے کہ جنین، اریحا اور نابلس میں کئی ہفتوں سے ایسی ہی صورت حال جاری ہے اور مسلح فلسطینیوں کا صفایا کر دیا جائے گا اور جس علاقے میں ضرورت سمجھی جائے گی اسرائیل بروقت شدید اقدام کرے گا۔

غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں منجملہ شہر نابلس کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئی ہیں جن میں گیارہ فلسطینی شہید اور سو سے زائد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

دریں اثنا تحریک مزاحمت میں شامل عرین الاسود نامی گروہ نے فلسینی عوام کے نام اپنے ایک پیغام میں غاصب صیہونی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تمام فلسطینیوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ تمام شہروں میں سڑکوں پر نکل آئیں تاکہ دنیا والے سمجھ لیں کہ تحریک مزاحمت کے مجاہد فلسطینی ہر قسم کی جنگ اور ہر طرح کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دینے کے لئے آمادہ ہیں۔ 

دریں اثنا تحریک مزاحمت میں شامل عرین الاسود نامی گروہ کی اس اپیل کے بعد جمعرات کی رات نابلس میں صیہونی جارحیت کی مذمت میں تمام فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے اور انھوں نے فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت کی حمایت میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

ٹیگس