صیہونی دہشتگردی سے تنگ آئے فلسطینیوں کا آپریشن، 2 صیہونی ہلاک
فلسطینیوں نے نابلس کے جنوب میں صیہونیوں کی مسلسل دہشتگردی کے جواب میں ایک ا آپریشن کیا جس کے نتیجے میں دو صیہونی ہلاک ہو گئے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: شہاب نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے مغربی کنارے میں تسلسل کے ساتھ انجام پانے والی مزاحمتی کارروائیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی ایک تازہ ترین کارروائی میں دو صیہونی ہلاک ہوئے۔
اس سے پہلے صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے نابلس کے جنوب میں واقع قصبے حوارہ کے قریب فلسطینیوں کی طرف فائرنگ اور دو صیہونیوں کے زخمی ہونے کی خبر دی تھی اور بتایا تھا کہ ان کی حالت نازک ہے۔
الجزیرہ نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ مغربی کنارے میں نابلس کے جنوب میں واقع علاقے حوارہ میں ایک صیہونی گاڑی پر فائرنگ ہوئی جس میں دو صیہونی زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو افراد شدید زخمی ہیں۔
صیہونی حکومت کے میڈیکل ذرائع نے اعتراف کیا ہے کہ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی کرنے والا شخص بحفاظت علاقے سے دور ہونے میں کامیاب رہا۔