Mar ۰۴, ۲۰۲۳ ۰۹:۰۴ Asia/Tehran
  • انڈونیشیا : تیل کے گودام پر آسمانی بجلی گرنے کے بعد آگ لگی، 16 ہلاک (ویڈیو)

انڈونیشیا میں تیل کے ایک گودام میں آتشزدگی سے کم از کم 16 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں تیل کے گودام میں اچانک آگ بھڑکنے سے 2 بچوں سمیت 16 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ رات 8 بجے جکارتہ کے ایک گنجان آباد علاقے میں موجود تیل کے گودام میں لگی جس کے فوراً بعد ہونے والے دھماکوں کے باعث آگ گرد و نواح کے رہائشی علاقوں تک پھیلنا شروع ہوگئی،  حکام نے ہزاروں کی تعداد میں موجود قریبی آبادی کو خالی کروا لیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق 260 سے زائد فائر فائٹرز اور 52 فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بارشوں کے دوران بجلی گرنے سے پائپ لائن پھٹنے کے باعث گودام میں آگ بھڑکنے کا واقعہ پیش آیا، گودام میں آگ لگنے سے ملک میں ایندھن کی سپلائی متاثر نہیں ہوگی۔

ٹیگس