شام؛ حلب ایئرپورٹ پر صیہونی ٹولے کی فضائی جارحیت
غاصب صیہونی ٹولے کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر شام کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلیٰ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حلب کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر بمباری کی ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا نے ایک عسکری ذریعے کے حوالے سے خبر دی ہے کہ گزشتہ شب مقامی وقت کے مطابق دو بج کر سات منٹ پر مغربی لاذقیہ میں بحیرہ روم کی جانب سے صیہونی دشمن نے حلب کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی جارحیت کے نتیجے میں ایرپورٹ کو خاصا نقصان پہنچا ہے جس کے سبب وہاں کی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہو گئی ہیں۔ المیادین چینل نے بھی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شام کا ایئر ڈیفنس سسٹم صیہونی میزائلوں کا مقابلہ کرنے میں مصروف ہے۔
المیادین کے مطابق حلب ایئرپورٹ کا رنوے آؤٹ آف سروس ہو گیا ہے۔ صیہونی دشمن نے اسی کے ساتھ شامی فضائیہ کی النیرب فوجی چھاؤنی پر بھی میزائل داغے ہیں۔
اب سے دو ہفتے قبل بھی غاصب صیہونی ٹولے نے دارالحکومت دمشق کے جنوب میں السویدا صوبے میں ایک عمارت کو نشانہ بنا کر متعدد افراد کو شہید و زخمی کر دیا تھا۔