Mar ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۵:۴۱ Asia/Tehran
  • شام میں زلزلہ متاثرین کیلئے ایرانی امداد کی قدردانی

شام کے صدر بشار اسد نے شام میں دہشت گردی کے خلاف مہم، بیرونی خطرات کے مقابلے اور شام میں زلزلہ متاثرین کیلئے ایرانی امداد کی قدردانی کی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ سید کمال خرازی نے اپنے دورہ دمشق کے آخری روز شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں شام کے صدر بشار اسد نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں علاقے کے ملکوں کو تعمیری مذاکرات اور اسٹریٹیجک اقدام کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ مغرب علاقے میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ علاقے کے ملکوں کو چاہئے کہ اپنے تعلقات مضبوط بنائیں تاکہ دشمنانہ پالیسیوں کے مقابلے میں مستحکم دفاع کر سکیں ۔

بشار اسد نے مغربی ایشیا میں جوانوں کے خلاف مغرب کے سازشی منصوبوں اور اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے ملکوں کو ایسے مسائل کا سامنا ہے جن کو حل کرنے کے لئے ان ممالک کو جوانوں پر کام اور تمام ممالک کو اپنے اختلافات ختم کر کے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اس ملاقات میں ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ سید کمال خرازی نے بھی عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے ممالک کو چاہئے کہ اپنے مستقبل پر توجہ دیں ۔ انھوں نے تہران ریاض تعلقات کی بحالی، شام اور عرب ملکوں میں تعلقات کی تقویت، اور روس چین تعلقات کے فروغ کو مثبت نتائچ کا حامل قرار دیا۔ 

ٹیگس