Mar ۲۶, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۵ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجیوں پر حملے جاری رہیں گے: عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین

عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے حوارہ آپریشن کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ اس کارروائی میں دو صیہونی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس درمیان فلسطینیوں نے صیہونی حکومت کے وزیراعظم کی میزبانی کرنے پر لندن کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے

سحر نیوز/ عالم اسلام: عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے فوجی کمان ابوعلی مصطفی بٹالین کی جانب سے ایک بیان جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس گروہ کے ایک مجاہد نے نابلس کی شاہراہ پر واقع حوارہ چیک پوائنٹ پر دو صیہونی فوجیوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا ہے۔
اس بیان میں فلسطینی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مسجد الاقصی کے غاصبوں کے مقابلے میں فلسطین کے استقامتی محاذ کے شانہ بشانہ کھڑے ہوجائیں۔
دوسری جانب غرب اردن سے موصولہ خبروں کے مطابق، صیہونی فوجیوں نے اپنی جارحیتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے طولکرم میں واقع نورشمس فلسطینی کیمپ پر دھاوا بول دیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ فلسطینی مجاہدوں نے صیہونی فوجیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق، یہ جھڑپیں بدستور جاری ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق، اس کیمپ سے سائرن کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں اور مزید صیہونی فوجیوں کو علاقے میں بھیجا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ صیہونی فوجیوں نے ماہ مبارک رمضان کے پہلے دن ہی طولکرم کے عزبہ شوفہ قصبے میں امیرعماد ابوخدیجہ نام کے پچیس سالہ فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا تھا۔
صیہونی فوجیوں نے اس نوجوان کے سر میں گولی ماری تھی۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ چند مہینے کے دوران صیہونیوں کے مظالم میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے اور اس دوران سیکڑوں فلسطینیوں کو شہید، زخمی اور گرفتار کیا گیا ہے۔ تاہم فلسطینیوں نے بھی اپنی سرزمین، اقدار اور شناخت کی حفاظت کے لئے پرعزم ہونے کا اعلان کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں بتا دیا ہے کہ صیہونیوں کے مظالم اور بربریت کے سامنے ہرگز پسپائی اختیار نہیں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے صیہونی فوجیوں اور غاصب مسلح صیہونیوں کے خلاف مسلحانہ کارروائیوں میں شدت آتی جا رہی ہے جس کے سامنے تل ابیب کے سیاسی، فوجی اور سیکیورٹی حلقے بے دست و پا ہو کر رہ گئے ہیں ۔

ٹیگس