فلسطینی مجاہدین نے صیہونیوں کو دندان شکن جواب دے دیا
فلسطین کے المعطی مرکز ںے اعلان کیا ہے کہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک سو سات صیہونیت مخالف کارروائیاں انجام دیتے ہوئے غاصب صیہونیوں کو ناکوں چنے چبوا دیئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کے المعطی مرکز ںے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں مسجد الاقصی کی حمایت اور غاصب صیہونی فوجیوں اور انتہا پسند صیہونی آبادکاروں کے خلاف فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین کی جانب سے ایک سو سات کارروائیاں انجا دی گئیں۔
ان کارروائیوں میں اہم ترین غاصب صیہونیوں کے خلاف فائرنگ، دھماکہ خیز مواد اور پٹرول بموں سے حملہ شامل ہے جس میں تین صیہونی فوجی زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے غاصب صیہونیوں کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا اور صیہونی تنصیبات کو نذر آتش کر دیا۔
فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے مقبوضہ بیت المقدس کے قریب صیہونی غاصبوں کی کئی چوکیوں پر فائرنگ کی۔
نابلس میں بھی فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے بیتا میں صیہونی فوجیوں اور شافی شمرون چوکیوں کو دھماکہ خیز مواد سے حملے کا نشانہ بنایا۔
فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین کی فائرنگ میں الخلیل میں بیت امر اور الفوار کیمپ میں دو صیہونی فوجی زخمی بھی ہوئے۔
دریں اثنا فلسطین کی مزاحمتی کمیٹیوں کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ مسجد الاقصی اور بیت المقدس کے دفاع کے لئے سیف القدس کارروائی کا عمل بدستور جاری ہے جس کے نتیجے میں صیہونی حکومت کا کوئی ناپاک منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔
ایمن الششنیہ نے اعلان کیا کہ غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ منصوبوں کے مقابلے میں بیت المقدس کے فلسطینیوں اور مسجد الاقصی میں اعتکاف کرنے والے فلسطینیوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
فلسطین کی مزاحمتی کمیٹیوں کے سیکریٹری جنرل ایمن الششنیہ نے اعلان کیا کہ فلسطینی بہادر مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کا دفاع کرتے رہے ہیں اور دفاع کرتے رہیں گے اور غاصب صیہونی حکومت کا کوئی بھی ناپاک منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکے گا۔
فلسطین کی مزاحمتی کمیٹیوں کے سیکریٹری جنرل ایمن الششنیہ نے کہا کہ فلسطینی مجاہدین نہ صرف عربوں بلکہ امت مسلمہ کے وقار کا دفاع کر رہے ہیں۔
انھوں نے تمام مجاہدین سے اپیل کی کہ وہ مسجد الاقصی کی حمایت و دفاع میں آگے بڑھیں اور غاصب صیہونیوں کی جارحیت کا جواب دیں۔
تحریک حماس اور جہاد اسلامی فلسطین نے بھی خبردار کیا ہے کہ مسجد الاقصی کے خلاف ہر صیہونی جارحیت کا منھ توڑ چواب دیا جائے گا۔
فلسطین کی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مختلف گروہوں نے تاکید کی ہے کہ تحریک مزاحمت کی جانب سے صیہونی حکومت کی جارحیت کا براہ راست جواب دیا جائے گا اور جوابی اقدام کرنے سے کوئی گریز نہیں کیا جائے گا۔
جہاد اسلامی فلسطین کے سیاسی دفتر کے رکن محمد الہندی نے بھی اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونیوں کی جارحیت کا جواب سخت اور دنداں شکن ہو گا۔
فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے بھی اعلان کیا ہے کہ کہ صیہونی فوجیوں نے مسجد الاقصی سے سینکڑوں فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ ان فوجیوں نے زخمی فلسطینیوں کی طبی امداد کے لئے وہاں طبی عملے کو جانے سے روک دیا اور نہ ہی ان زخمیوں کو طبی مراکز منتقل ہونے دیا۔
واضح رہے کہ فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہےکہ صیہونی فوجیوں نے کم سے کم چار سو فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا جبکہ صیہونی جارحیت میں دو سو سے زائد فلسطینی نمازی زخمی ہوئے ہیں۔