Apr ۰۷, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۳ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصیٰ پر صیہونیوں کی حالیہ جارحیت کے بعد او آئی سی کا ہنگامی اجلاس

اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے مسجد الاقصیٰ کے خلاف ناجائز صیہونی حکومت کے حالیہ جارحانہ اقدامات اور فلسطین کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس طلب کر لیا ہے۔

سحر نیوز/عام اسلام: صیہونی فوجیوں نے دو روز قبل مسجد الاقصیٰ کے القُبلیٰ مصلے پر دھاوا بول کر وہاں محو عبادت اور معتکف فلسطینی نوجوانوں پر تشدد کیا اور انہیں وہاں سے باہر کھدیڑنے کی بھی کوشش کی۔ صیہونیوں کے اس حملے میں متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے تھے جبکہ بعض کو صیہونی اپنے ساتھ اٹھا لے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق اردن اور فلسطینی اتھارٹی کی تجویز پر اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس کل بروز ہفتہ ہوگا جس میں ناجائز صیہونی حکومت کے مسجد الاقصیٰ میں حالیہ جارحانہ اقدامات اور وہاں سے فلسطینی نمازیوں اور اعتکاف کرنے والوں کو باہر کھدیڑنے کی کوششوں جیسے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

صدرِ ایران سید ابراہیم رئیسی نے جمعرات کے روز انڈونیشیا کے صدر جوکو دیدودو سے ٹیلی فونک گفتگو میں فلسطین کو عالم اسلام کا دھڑکتا دل قرار دیا اور مظلوم فلسطینی عوام کے دفاع اور صیہونی جرائم سے مقابلے کی غرض سے اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

گزشتہ روز ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے بھی اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طاھا سے ٹیلیفونک گفتگو میں مسجد الاقصیٰ کے خلاف صیہونیوں کے حالیہ مجرمانہ اقدامات کے جائزے کے مقصد سے تنظیم کا اجلاس بلانے کا مطالبہ دہرایا تھا۔

 

ٹیگس