مسجد الاقصی پر صیہونی فوجیوں کا ایک اور حملہ
غاصب صہیونی فوجیوں نے جمعے کو ایک بار پھر مسجد الاقصی پر حملہ کیا ۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی خـبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق صیہونی فوجیوں نے مسلسل تیسرے روز مسجد الاقصی پر حملہ کیا اور دھرنا دینے والے پرامن فلسطینیوں کو بری طرح زد و کوب کیا۔
صیہونی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے مسجد الاقصی کے باب حطہ سے نماز کے لیے اندر داخل ہونے والے فلسطینیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں نماز کی ادائیگی سے محروم رکھنے کی کوشش کی۔
فلسطینیوں نے مسجدالاقصی میں نماز صبح کی ادائیگی کے بعد صیہونیت مخالف نعرے لگائے اور اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں تحریک مزاحمت کی حمایت کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے گزشتہ شب اور جمعے کی صبح غزہ کے مختلف علاقوں پر گولہ باری اور بمباری کی ہے جس کے جواب میں تحریک مزاحمت کے جوانوں نے بھی صیہونی اہداف کو نشانہ بنایا اور اس کے جنگی طیاروں کا بھی مقابلہ کیا۔