صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپ، گولیوں سے دو فلسطینی زخمی
فلسطین کے مغربی کنارے میں صیہونی فوجیوں کے ساتھ آج بھی فلسطینی نوجوانوں کی شدید جھڑپ ہوئی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج نے جنوبی جنین کے علاقے برقین پر حملہ کیا جس سے فلسطینی فورسز اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں اور صیہونی فوج کی فائرنگ سے 2 فلسطینی نوجوان زخمی ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے بیت لحم میں بھی صیہونی فوجیوں کی فلسطینی جوانوں کے ساتھ جھڑپیں ہوئی ہیں۔ صیہونی فوج نے فلسطینوں پر آنسو گیس کے گولے اور صوتی بم پھینکے جس سے ایک فلسطینی نوجوان زخمی ہو گیا۔
فلسطینی میڈیا نے صیہونیوں کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے خلاف مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں مظاہروں کی خبر بھی دی ہے۔
یاد رہے کہ صیہونی فوجی ماہ مبارک رمضان کے ایام میں ہر روز مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کرتے ہوئے اندر داخل ہو جاتے ہیں اور نمازیوں اور اعتکاف پر بیٹھے فلسطینیوں پر تشدد کرتے ہیں۔