Apr ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۶:۱۳ Asia/Tehran
  • حماس اور سعودی عرب کے تعلقات پر پڑی برف بھی پگھلی

ایک قطری اخبار العربی الجدید نے رپورٹ دی ہے کہ حماس کے ارکان کا ایک وفد سعودی عرب کا سفر کرنے جا رہا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: قطری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اس تحریک کے کئی اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ریاض کے ساتھ ایک دہائی سے زائد سرد تعلقات کے بعد آج سعودی عرب راونہ ہوں گے۔

العربی الجدید اخبار نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ارکان کا ایک وفد اتوار کو عمرہ کرنے کے مقصد سے سعودی عرب میں داخل ہوگا۔

اس قطری اخبار نے اتوار کے روز صبح دعویٰ کیا تھا کہ حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اس وفد کی سربراہی میں سعودی عرب پہنچیں گے اور بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ موسیٰ ابو مرزوق، جنگی قیدیوں کے امور کے سربراہ زاہر جبارین اور حماس کے غیر ملکی شعبے کے سربراہ خالد مشعل بھی ان کے ساتھ سعودی عرب کے دورے پر جائیں گے۔

العربی الجدید نے حماس کے بین الاقوامی تعلقات کے شعبے کے سربراہ موسیٰ ابو مرزوق کے سابقہ ​​بیانات کا حوالہ دیا اور کہا کہ انہوں نے پہلے کہا تھا کہ تحریک کی سعودی عرب کے ساتھ تنازعات کو ختم کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور حل طلب مسائل کو حل کیا جا رہا ہے۔  ابو مرزوق نے یہ بھی کہا کہ حماس مذاکرات اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی معمول پر لانے کا خیرمقدم کرتی ہے۔

قطری میڈیا کا یہ دعویٰ ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ جب فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ 2015 میں حماس کے ارکان کے ایک وفد نے سعودی عرب کا سفر کیا لیکن اس سفر کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا تھا ۔

ٹیگس