Apr ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۰:۱۲ Asia/Tehran
  • سوڈان میں جھڑپیں جاری 2870 ہلاک و زخمی، 39 ہسپتال بند

اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح پر سوڈان میں جاری کشیدگی کے دوران سفارت کاروں پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔

سحر نیوز/عالم اسلام: اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق کے مطابق جھڑپوں کے دوران ہلاک شہریوں کی تعداد 270 اور زخمیوں کی تعداد 2600 تک پہنچ گئی ہے۔ اسکے علاوہ خرطوم سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 39 ہسپتال بند کر دیئے گئے۔

دارالحکومت خرطوم کے بیشتر علاقوں میں بجلی منقطع ہے اور بڑے ہسپتالوں میں ادویات اور طبی خدمات کی فراہمی معطل ہوچکی ہے۔

اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح پر سوڈان میں جاری کشیدگی کے دوران سفارت کاروں پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

دارالحکومت خرطوم میں گزشتہ روز یورپی یونین کے دفتر برائے انسانی امداد کے ڈائریکٹر ویم فرانسن کے جھڑپوں میں زخمی ہونے کے بعد اقوام متحدہ میں امریکی مندوب لنڈا گرین فیلڈ نے امریکی سفارتی قافلے پر حملے کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے سوڈان میں سفارت کاروں، امدادی کارکنوں اور اقوام متحدہ کے عملے کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے فریقین سے امدادی مشنز کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان عارضی جنگ بندی پر اتفاق  ہوا مگر اس کے باوجود خرطوم میں وفقے وقفے سے فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، دونوں متحارب فورسز کی جانب سے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا الزام بھی عائد کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ خونریز جھڑپیں گذشتہ ہفتے کے آخر میں شروع ہوئیں جب ریپڈ فورسز نے تقریباً 100 گاڑیوں کو شمالی ریاست میں مروی اڈے کی طرف روانہ کیا ، ساتھ ہی خرطوم میں فوج کے مراکز پر کچھ گاڑیوں سے حملہ کیا گیا ،اس کے بعد دونوں فورسز کے درمیان ملک گیر لڑائی کا آغاز ہو گیا۔

ٹیگس