دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے حشد الشعبی کا آپریشن جاری
بغداد کے شمالی علاقے الطارمیہ میں دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے الحشدالشعبی کا آپریشن جاری ہے ۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: عراق سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ بغداد کے شمالی علاقے الطارمیہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے عراق کی عوامی رضاکارفورس الحشدالشعبی کا آپریشن جاری ہے جو اب تکمیل کے مراحل میں پہنچ رہا ہے ۔ عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ بغداد کے شمال کے بعض علاقے دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کردیئے گئے ہیں ۔
اس درمیان عراقی میڈیا نے خبردی ہے کہ الحشدالشعبی سنجار کے علاقے کے باشندوں کے ساتھ مل کر وہاں ایک نئی بریگیڈ تیار کررہی ہے جس کی ذمہ داری موصل کے مغرب میں واقع سنجار کے علاقے کی سیکورٹی اور اس علاقے سے نقل مکانی کرجانے والے باشندوں کی واپسی کو یقینی بنانا ہے۔
الحشدالشعبی کے سربراہ فالح الفیاض نے بھی کہا ہے کہ عوامی رضاکارفورس سنجار کے علاقےکے باشندوں کے ساتھ مل کر ایک بریگیڈ تشکیل دینے میں ان کی مدد کرے گی ان کا کہنا تھا کہ سنجار میں الحشدالشعبی کی نئی بریگیڈ اور عوامی رضا کارفورس کی موجودگی عراق کا ایک داخلی معاملہ ہے جس کا ترکیہ سے کوئی ربط نہیں ہے ۔
فالح الفیاض کا کہنا تھا کہ الحشدالشعبی سنجار کے باشندوں کے مصائب وآلام کم اور اس علاقے میں امن و امان برقرار کرنے کے لئے اپنی پوری کوشش کررہی ہے ۔