Apr ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۳ Asia/Tehran
  •  مسجد الاقصی میں ڈھائی لاکھ فلسطینیوں نے نمازعید ادا کی

صیہونیوں کی جانب سے عائد شدید پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود لاکھوں فلسطینیوں نے نماز عید الفطر مسجد الاقصی میں ادا کی۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: شہاب نیوز کی رپورٹ کے مطابق، مسجد الاقصی میں نماز عید الفطر پرشکوہ انداز میں منعقد ہوئی۔
صیہونیوں کی جانب سے فلسطینیوں پر عائد مختلف قسم کی پابندیوں اور راستے میں متعدد چیک پوسٹ اور جابجا رکاوٹوں کے باوجود ڈھائی لاکھ فلسطینیوں نے قبلہ اول میں نماز عید ادا کی اور پرشکوہ منظر رقم کیا۔
بتایا جارہا ہے کہ غرب اردن، مقبوضہ بیت المقدس اور انیس سو اڑتالیس کی مقبوضہ سرزمینوں میں رہائش پذیر کم سے کم ڈھائی لاکھ نمازیوں نے مسجد الاقصی میں باجماعت نماز عید ادا کی اور اتحاد کا ایک بے نظیر جلوہ پیش کیا۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب، بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، کویت، شام، ترکیہ، فلسطین، لبنان، اردن اور یمن میں بھی آج بروز جمعہ پہلی شوال عید الفطر کا اعلان ہوا ہے۔ 
دوسری جانب غرب اردن سے موصولہ خبروں کے مطابق، فلسطینی مجاہدین نے ایک چیک پوسٹ پر تعینات متعدد صیہونی فوجیوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔
شہاب نیوز کی رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ نابلس کے جنوبی مضافات میں واقع حوارہ چیک پوسٹ پر رونما ہوا ہے۔ 
ادھر فلسطین کی ہلال احمر کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات کو بیتا بستی میں فلسطینی جوانوں اور صیہونی غاصب فوجیوں کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپوں میں پچپن افراد زخمی ہوئے ہیں۔ 
فلسطین انفارمیشن سینٹر کے مطابق، فلسطینی مجاہدوں نے گذشتہ روز غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس میں تیرہ الگ الگ حملوں میں صیہونیوں کو نشانہ بنایا۔
یہ ایسے میں ہے کہ رواں مہینے سے لیکر اب تک صیہونیوں کے خلاف تین سو اڑسٹھ کارروائیاں انجام پائی ہیں۔

ٹیگس