شام، جبہۃ النصرہ کے دہشت گرد حملے کی تیاری میں مصروف
Apr ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۷:۲۸ Asia/Tehran
شام میں روس کے امن و آشتی کے مرکز نے اعلان کیا ہے کہ جبہۃ النصرہ کے دہشت گرد ادلب میں واقع سیکورٹی زون والے علاقے پر حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق، روس کے آشتی کے مرکز کے نائب سربراہ اولیگ گورینوف نے اعلان کیا ہے کہ ادلب اور اس کے مضافات میں واقع دہشت گرد گروہ سیکورٹی زون والے علاقے کی بستیوں پر حملہ کرکے نہتّے شہریوں کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں ۔
اولیگ گورینوف نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کی کوشش ہے کہ ان حملوں کا الزام کسی بھی صورت سے شام کی فوج اور روسی افواج پر آجائے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ سے وابستہ اور مغربی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے سرغنوں کی جانب سے اس حملے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ادلب میں سیکورٹی زون یا کم کشیدگی والے علاقوں میں ادلب، حلب، حماہ اور لاذقیہ صوبوں کے کچھ حصے شامل ہیں۔