غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت
غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے تھوڑے سے وقفے کے بعد ایک بار پھر غزہ پروحشیانہ بمباری کی جبکہ فلسطینی مجاہدین نے بھی صیہونی حکومت کی وحشیگری کے جواب میں مقبوضہ علاقوں میں دسیوں میزائل اور راکٹ فائر کئے جن میں متعدد صیہونی زخمی ہوئے ہیں
سحرنیوز/عالم اسلام:الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے اپنے تازہ ترین حملوں میں غزہ کے جنوب میں واقع رفح کے مشرق میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کے ایک تربیتی مرکز کو بمباری کا نشانہ بنایا۔
غاصب صیہونی حکومت کے ہیلی کاپٹروں نے بھی غزہ کے مغرب میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کے ایک مرکز پر چار میزائل فائر کئے۔
غاصب صیہونی حکومت کے ڈرون طیاروں نے بھی غزہ کے شمال میں واقع بیت لاہیہ میں تحریک مزاحمت سے متعلق مراکز کو نشانہ بنایا۔
غاصب صیہونی حکومت نے اسی طرح غزہ شہر کے مغرب میں پناہ گزینوں کے الشاطی کیمپ میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کے ایک ٹاور کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔
خبروں کے مطابق غزہ کے مغرب میں السفینہ علاقے پر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کی بمباری میں ایک فلسطینی شہید ہوا۔
دوسری جانب فلسطین کی تحریک مزاحمت کے گروہوں نے بدھ کی صبح اور غزہ پر صیہونی حکومت کی دوسری بار کی جارحیت کے بعد، مقبوضہ علاقوں میں عسقلان کو اپنے جوابی حملے کا نشانہ بنایا اور اس علاقے پر راکٹ اور میزائل برسائے۔
اس جوابی حملے میں عسقلان کے صنعتی مرکز کو شدید نقصان پہنچا۔
اسی طرح علومیم بھی ایک ایسا علاقہ رہا کہ جسے تحریک مزاحمت کے میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے دوسرے دور سے قبل فلسطین کی تحریک مزاحمت کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں پر میزائل فائر کئے جانے اور چھے صیہونی انتہا پسندوں کے زخمی ہونے کی خبر دی گئی تھی۔
اس حملے میں جو صیہونی جیل میں بھوک ہڑتال سے خضر عدنان کی شہادت کے واقعے کے بعد انجام پایا، صیہونی بستیوں منجملہ سدیروت، نیرعام، ایرز ایبیم اور ہنیگیف بھی تحریک مزاحمت کے مختلف گروہوں کے جوابی حملوں کا نشانہ بنے۔
قابل ذکر ہے کہ فلسطینی قیدی شیخ خضر عدنان صیہونی جیل میں چھیاسی روز تک جاری رہنے والی بھوک ہڑتال کے نتیجے میں دو مئی کو شہید ہو گئے جس پر فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مختلف گروہوں اور فلسطینی مجاہدین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ شیخ خضر عدنان کی صیہونی حکومت کی جیل میں شہادت پر او آئی اسی عرب لیگ اور اسلامی ملکوں خاص طور پر اسلامی جمہوریہ ایران نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صیہونی حکومت کو اس مظلومانہ شہادت کا ذمہ دار قرار دیا ہے