غزہ پر صہیونی جنگی طیاروں کی بمباری، جہاد اسلامی کے کمانڈروں سمیت 13 شہید
فلسطینی ذرائع نے خبر دی ہے کہ صہیونی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں حملہ کرکے اسلامی جہاد کے مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: شہاب خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صہیونی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی پر حملہ کرکے جہاد اسلامی کے مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔ الجزیرہ نے صہیونی افواج کے ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ حملوں کا مقصد جہاد اسلامی کے مراکز کو نشانہ بنانا تھا۔
غزہ میں ہسپتال کے ذرائع نے ایک رہائشی مکان پر حملے کے نتیجے میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔
المیادین کے نمائندے کے مطابق دو اپارٹمنٹس حملوں سے متاثر ہوئے ہیں ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق صہیونی طیاروں کے حملوں میں جہاد اسلامی کے 3 کمانڈروں سمیت 13 افراد شہید ہوگئے ہیں ۔ شہید ہونے والوں میں 4 بچے اور 4 خواتین شامل ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت نے 20 افراد کے زخمی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
حملوں کے بعد صہیونی حکام نے غزہ کے گردونواح میں رہائش پذیر صہیونیوں کو محفوظ پناہگاہوں میں جانے کا حکم دیا ہے۔
دراین اثناء غزہ کے جنوب میں خان یونس شہر پر بھی صہیونی جہازوں کے حملوں کی بھی خبریں موصول ہوئی ہیں ۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے مقاومتی محاذ کے مراکز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ۔ جبکہ بعض ذرائع نے جہاد اسلامی کے تین اہم رہنماوں کی شہادت کی بھی خبر دی ہے۔
صیہونی ذرائع ابلاغ من جملہ یدیعوت نے دعوی کیا ہے کہ رفح ، غزہ اور خان یونس میں جہاد اسلامی کے تین رہنما «جهاد الغنام»، «خلیل البهتینی» اور «طارق ابراھیم عزالدین» شہید ہوئے ہیں ۔