فلسطینی مجاہدین کی جوابی کارروائیاں ، صیہونیوں کے بھاگنے کا سلسلہ تیز
جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایاالقدس سے وابستہ نابلس بٹالین نے اعلان کیا ہے کہ اس نے غاصب صیہونی فوجیوں اور ان کی گاڑیوں کو براہ راست نشانہ بنایا ہے
سحرنیوز/عالم اسلام:فلسطینی مجاہدوں کی نابلس بریگیڈ نے صیہونیت مخالف کارروائی انجام دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی مجاہدین نے صیہونیوں کے ایک بلڈوزر اور ان کی متعدد فوجی گاڑیوں کو مشرقی نابلس کے علاقے شارع امان میں دھماکوں سے اڑا دیا ۔
شہدائے الاقصی بریگیڈ نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس کے جوانوں نے صیہونی فوجیوں کے خلاف جو مشرقی نابلس میں شارع امان میں داخل ہوگئے تھے جوابی کارروائی انجام دی اور ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
اس درمیان فلسطین کے ادارہ شماریات نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی مجاہدین نے منگل کے روز بیس صیہونیت مخالف کارروائیاں انجام دیں اور غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس کے کئی علاقوں میں صیہونیوں پر جوابی حملے کئے ۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ فلسطینی مجاہدین اب صیہونی فوجیوں کے جارحانہ اقدامات کے جواب میں ہر روز جوابی کارروائیاں انجام دیتے ہیں جس کی بنابر صیہونی فوج کے جرنیلوں اور حکومتی عہدیداروں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں ۔
دوسری جانب بڑی تعداد میں صیہونی اب مقبوضہ علاقوں سے فرار کرنے کے لئے پاسپورٹ بنوا رہے ہیں فلسطینی علاقوں کی صورتحال کے پیش نظر دیگر علاقوں سے لاکر فلسطین میں بسائے گئے صیہونی اب وہاں سے فرار کررہے ہیں اور یہ وہ حقیقت ہے کہ جس کا اعتراف صیہونی حکومت کے وزیرداخلہ نے بھی کیا ہے اور اس نے صیہونیوں سے کہا ہے کہ وہ صبر وتحمل سے کام لیں۔
ٹائمز آف اسرائیل نامی جریدے نے خبردی ہے کہ پاسپورٹ کی درخواستوں میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر صیہونی حکومت کے وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ انہوں نے پاسپورٹ آفسوں کے اوقات کار میں اضافہ کردیا ہے تاہم میں درخواست دہندگان سے کہنا چاہوں گا کہ وہ اپنی درخواستیں بعد کے لئے موخر کردیں ۔
بیت المقدس ، تل ابیب ، حیفا اور بیئر السبع صیہونی حکومت کے وہ چار اصلی پاسپورٹ آفسز ہیں جہاں درخواست دہندگان کا ایک ہجوم ہے ۔اس درمیان دلال سسٹم کو ہیک کرکے ہزاروں کی تعداد میں اپائمینٹ حاصل کرکے انہیں بلیک مارکیٹ میں درخواست دہندگان کو فروخت کررہے ہیں۔
بہت سے ماہرین کا کہنا ہے کہ صیہونیوں کے ذریعے بڑی تعداد میں پاسپورٹ بنوانے کی درخواستیں جمع کرانے کی ایک اہم وجہ غزہ کی حالیہ جنگ ہے جس کے دوران فلسطینی مجاہدین نے صیہونی ٹھکانوں پر جوابی کارروائیاں انجام دیتے ہوئے ہزاروں میزائل اور راکٹ برسائے تھے اور یوں پورے مقبوضہ فلسطین میں صیہونیوں پر وحشت طاری ہوگئی تھی۔