دہشت گردوں کا حملہ، شام کی فوج کا منہ توڑ جواب
شام کی فوج نے تحریر الشام نامی دہشت گردوں کے حملوں کا دنداں شکن جواب دیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کے صوبہ حماہ میں واقع سرمانیہ پر تحریر الشام کے دہشتگردوں کے حملوں کا شام کے فوجی دستوں نے بھاری گولہ باری کے ذریعے جواب دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس موقع پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تحس نحس کردیا گیا ۔ بعض ذرائع کے مطابق، شام کی فوج کے جوابی حملے کے موقع پر روس کے جاسوسی ڈرون طیاروں نے بھی لاذقیہ کے مضافات میں واقع مختلف علاقوں پر اڑان بھری اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا پتہ لگایا ۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شمال مشرقی حلب میں ترکیہ کے غاصب فوجیوں اور روسی فوجیوں نے کم کشیدگی والے علاقوں میں گشت لگائی ہے۔ شام کے ادلب، حماہ، حلب اور لاذقیہ صوبوں کے بعض حصوں کا شمار کم کشیدگی والے علاقوں میں کیا جاتا ہے جہاں جبہۃ النصرہ جیسے دہشت گرد موجود ہیں ۔ ان دہشت گرد عناصر کو انقرہ اور مغربی ممالک کی حمایت حاصل ہے جو وقفے وقفے سے شامی عوام اور مسلح افواج کے خلاف تخریبی کارروائیاں انجام دیکر واپس ان علاقوں میں پناہ لے لیتے ہیں ۔
دوسری جانب شام کی فوج نے اس ملک کے مشرقی علاقوں کو داعش کے بچے کچے دہشتگرد ناصر سے پاک کرنے کی کارروائی تیز کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شام کے فوجی دستے مشرقی بادیہ میں داعشی تکفیریوں کے خفیہ ٹھکانوں کا پتہ لگا کر، انہیں ختم کرنے میں مصروف ہیں ۔