ایران وہ ستون ہے جس پر استقامتی محاذ کا تکیہ ہے: اسماعیل ہنیہ
حماس کے سربراہ نے صیہونی اور امریکی دشمن کے مقابلے میں ایران کو وہ ستون قرار دیا جس پر فلسطینی مزاحمت کا تکیہ ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے فلسطینی مزاحمتی گروہوں کے نام سپاہ پاسداران انقلاب کے قدس فورس کے کمانڈر ان چیف جنرل اسماعیل قاآنی کے پیغام کو رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے استقامتی محاذ کی نامحدود حمایت کے موقف کا تسلسل قرار دیا اور کہا کہ ایران وہ ستون ہے جس پر فلسطینی استقامتی گروہ تکیہ کرتے ہوئے صیہونی اور امریکی دشمنوں کو شکست سے ہمکنار کر سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی دشمن یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ سرایا القدس کے کمانڈروں کو شہید کرکے مزاحمت کو ختم اور فلسطینی عوام پر وحشت طاری کردیگا۔ انہوں نے کہا کہ تل ابیب کو یہ زعم تھا کہ غزہ پر حملہ کرکے اپنے اندرونی بحران پر قابو کر سکے گا اور غاصب فوج بھی واپس کھڑی ہوپائے گی لیکن جنگ کے نتیجے نے حریت پسندوں کے انتقامی جذبے اور صیہونیوں کی بحرانی کیفیت کو اور بھی بڑھا دیا۔
قابل ذکر ہے کہ سپاہ قدس کے کمانڈر ان چیف جنرل اسماعیل قاآنی نے گذشتہ دنوں استقامتی گروہوں کے سربراہوں کے نام ایک پیغام جاری کرکے کہا تھا کہ فلسطینی مجاہدوں نے غزہ پر صیہونیوں کے حملے کو ناکام بنا کر ثابت کردیا کہ کامیابی کی صبح قریب آچکی ہے۔